Close Menu
Vision PointVision Point
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم

Subscribe to Updates

Get the latest creative news from FooBar about art, design and business.

What's Hot

مصدق ملک نے نئی دہلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرکے حقائق دنیا کے سامنے پیش کیے۔شہبازشریف

نومبر 25, 2026

پنجاب:سکولوں کے باہر غیرمعیاری فوڈ سٹالز کیخلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ

نومبر 25, 2026

مائیکروسافٹ نے سروسز تعطل کی روک تھام کے لیے اصلاحات شروع کردیں

نومبر 25, 2026
Facebook X (Twitter) Instagram
بدھ, نومبر 25
Facebook X (Twitter) Instagram
English
Vision PointVision Point
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم
Vision PointVision Point
Home»پاکستان»کور کمانڈر کی دعا
پاکستان

کور کمانڈر کی دعا

EditorBy Editorنومبر 25, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
Facebook Twitter Pinterest LinkedIn WhatsApp Reddit Tumblr Email
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email

(سلیم صحافی)

”آپ سے گزارش ہے کہ میرے ساتھ دعا کیلئے ہاتھ اٹھائیں۔ یا رب العالمین! شمالی وزیرستان، پورے کے پی اور پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا۔ یا رب العالمین یہاں روزگار، صحت اور ہر طرح سے اس خطے کو خوشحالی سے منور فرما۔ میں ان تمام ملک مشران، علمائے کرام کے سامنے، میڈیا کے لوگوں اور نوجوانوں کے سامنے، یا اللہ میں آپ کے سامنے اقرار کرتا ہوں کہ مجھے شمالی وزیرستان، پورے خیبر پختونخوا کا ہی ایک ایک انچ اتنا پیارا نہیں ہے جتنا پنجاب ،سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کا ہے۔ یا اللہ میں تو ان سب کے سامنے کہتا ہوں کہ میری تنخواہ حرام ہواگر مجھے ریاست نے کسی خفیہ ایجنڈے کیساتھ بھی یہاں بھیجا ہے،(یا) اگر مجھے یہاں اسلئے بھیجاہےکہ خدانخواستہ میں بدامنی کروں اور امن کے مقصدسے ہٹ جاؤںیامجھے یہاں کی معدنیات پہ قبضےکیلئے بھیجا ہے تو یا اللہ میں تیرے سامنے اقرار کرتا ہوں کہ اللہ ہماری دنیا بھی برباد کرے اورآخرت بھی برباد کرے۔میں دعا کرتا ہوں کہ جتنے لوگ میرے سامنے بیٹھے ہیں، میں جانتا ہوں کہ یہ سب بھی امن کے خواہاں ہیں اور میرے سے زیادہ اس وطن سے پیار کرنے والے ہیں یا اللہ ان کو بھی اس پہ ثابت قدم رکھ۔ میں ان کیلئے دعا کرتا ہوں کہ اگر کسی کے دل میں کوئی ایسی چیز ہے تو یا اللہ اس کو معاف فرما“۔

یہ دعا میں نے من و عن نقل کی ہے جو پشاور کے نئے تعینات ہونیوالے کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اختر نے چارج سنبھالنے کے بعد شمالی وزیرستان کے پہلے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب شروع کرنے سے قبل کیمروں کے سامنے کی ۔ عام پاکستانی شاید حیران ہوں گے کہ ایک فوجی افسر کو لوگوں کے سامنے اس طرح کی دعا کیوں کرنی پڑی لیکن خیبر پختونخوا اور بالخصوص قبائلی اضلاع کے لوگوں کو قطعاََ ان کے اس عمل پر حیرت نہیں ہوئی ہوگی ۔ وجہ اسکی یہ ہے کہ یہ علاقہ بری طرح سازشی تھیوریز کی زد میں ہے جن کو عام کرنے میں ہر ایک نے کماحقہ اپنا حصہ ڈالا ۔ سب سے بڑا حصہ توان اداروں نے ڈالا جو 2001کے بعد درپردہ افغان طالبان کو سپورٹ کررہے تھے اور انہی علاقوں میں انہوں نے پناہ دے رکھی تھی ۔ ہماری اسٹیبلشمنٹ ٹی ٹی پی کیخلاف تو آپریشنز کررہی تھی لیکن ٹی ٹی اے کو سپورٹ کررہی تھی۔ حالانکہ وہ دونوں ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے ۔ جب پختون اور بالخصوص قبائلی عوام دیکھ رہے تھے کہ ایک طرح کے طالبان کیخلاف کارروائی ہورہی ہے اور دوسری طرح کے طالبان کی سرپرستی ہورہی ہے تو وہ بجا طور پر شک کرنے لگے کہ ریاست اس معاملے میں سنجیدہ نہیں ۔ لوگوں کو کنفیوژ کرنے اور فوج سے متنفر کرنے میں دوسرا اہم کردار ہمارے سیاسی رہنمائوں نے ادا کیا۔ پی ٹی آئی جو تیرہ سال سے وہاں کی حکمران جماعت ہے ، عوام کو یہ بتاتی رہی کہ فوج امریکہ کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ فوج سے یہ غلطی ہوئی کہ شمالی وزیرستان میں ایک کان کا ٹھیکہ ڈبلیو ایف او کو دلوا دیا جس کی وجہ سے یہ تھیوری عام ہوئی کہ فوج یہاں کی معدنیات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔ اس تھیوری کو عام کرنے میں زیادہ حصہ میرے محترم مولانا فضل الرحمان نے ڈالا۔وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اصل میں امریکہ پاکستانی فوج کے ذریعے قبائل کی معدنیات کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر امریکہ کو یہ معدنیات عزیز ہوتیں تو وہ پھر اس علاقے سے کیوں نکلا ؟۔ امریکیوں نے پورے افغانستان کا مختلف طریقوں سے سروے کیا ہے ۔ وہ اس سے بخوبی آگاہ ہیں کہ قبائلی علاقوں کی نسبت افغانستان کی معدنیات بہت زیادہ ہیں۔ ان کی ترجیحات اگر یہ معدنیات ہوتیں تو پھر امریکی افغانستان سے کیوں نکلتے؟ معدنیات ایسی کوئی چیز بھی نہیں کہ انہیں راتوں رات نکال کر چوری کیا جائے ورنہ تو امریکی افغانستان کی ساری معدنیات چوری کرکے لے جاتے ۔ افغانستان پر امریکیوں کے قبضے کے دوران وہاں ایک کان (لوگر صوبے کے ایمق ) کا ٹھیکہ افغان حکومت نے دیا تھا اور وہ بھی چین کو دیا گیا تھا ۔ پھر سوال یہ ہے کہ معدنیات لے جانے کیلئے گورنر راج لگانے کی کیا ضرورت تھی؟ کیا شمالی وزیرستان کی کان کا ٹھیکہ ڈبلیو ایف او نے گورنر راج کے وقت لیا تھا؟۔ بلوچستان کی معدنیات نکالنے کے بعض ٹھیکے عالمی اور ملٹی نیشنل اداروں کو دئے جارہے ہیں تو کیا وہاں پر گورنرراج نافذ ہے ؟۔ مولانا محترم چونکہ ان دنوں شدید ناراض ہیں اسلئے انہوں نے فاٹا مرجر کا تذکرہ بھی دوبارہ شروع کر دیا ہے اور اس کیلئے وہی روایتی مفروضے پیش کررہے ہیں کہ امریکہ کے ایما پر فاٹا کو ضم کردیا گیا لیکن وہ یہ نہیں بتاسکتے کہ انضمام میں امریکہ کا فائدہ کیا تھا؟ میں خود اس عمل میں شریک تھا اور اللہ شاہد ہے کہ مجھے کہیں امریکہ کی خواہش نظر نہیں آئی بلکہ چونکہ افغان حکومت انضمام کی شدید مخالف تھی اس لئے امریکی بھی چاہتے تھے کہ یہ علاقے سرزمین بے آئین رہیں تاکہ وہ اس میں ڈرون حملوں سمیت جو کچھ کرنا چاہیں کرسکیں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔فاٹا انضمام نے ڈیورنڈ لائن کے تنازعے کو بھی کمزور کیااور قبائلی علاقے قانونی اور آئینی طور پر پاکستان کا حصہ بن گئے جبکہ امریکہ چاہتا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین یہ تنازع تازہ رہے ۔مولانا صاحب ان کو الگ صوبہ بنانا چاہتے تھے اور اب یہ بات سامنے آگئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مزید صوبوں کا قیام چاہتی ہے تو کیا ہم اس سے یہ مراد لیں کہ اس وقت مولانا الگ صوبے کا مطالبہ اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر کررہے تھے ؟۔ اسی طرح مذاکرات کے دوران (بیرسٹر سیف یا کسی اور مذاکرات کار سے تصدیق کی جاسکتی ہے) میں ٹی ٹی پی نے سرفہرست مطالبہ فاٹا انضمام کی واپسی کا رکھا تو کیا ہم یہ شک کرنے میں حق بجانب ہیں کہ مولانا انضمام کی مخالفت ٹی ٹی پی کے کہنے پر کررہے تھے ۔ مرحوم عبدالطیف ایڈوکیٹ دور جوانی سے تادم مرگ ایف سی آر کے خاتمے اور فاٹا انضمام کیلئے سرگرم عمل تھے تو کیا وہ امریکی ایجنٹ تھے۔ جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (س)،تحریک انصاف، اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور ایم کیوایم وغیرہ سب کی سب فاٹا انضمام کے حق میں تھیں اور سب نے اس کے حق میں ووٹ دیا تو کیا وہ سب امریکہ کی ایجنٹ تھیں؟۔ جس کمیٹی نے انضمام کے حق میں رپورٹ پیش کی اسکے سربراہ سرتاج عزیز مرحوم تھے ۔ وہ تمام قبائلی ایجنسیوں میں گئے اور لوگوں کی رائے معلوم کرنے کے بعدرپورٹ پیش کی ۔ تو کیا سرتاج عزیز مرحوم امریکہ کے آلہ کار تھے ؟۔ اس حوالے سے میرے پاس مولانا کو غلط ثابت کرنے کیلئے ایک اور بڑی دلیل بھی موجود ہے لیکن مولانا کا احترام آڑے آرہا ہے اسلئے سردست اس کا تذکرہ نہیں کررہا۔ ویسے مولانا محترم کا فتویٰ درکار ہے کہ کورکمانڈر صاحب کی مذکورہ دعا کے بعد کیا فوج کے کردار کے بارے میں شک کرنا شرعی لحاظ سے درست ہے یا غلط؟

Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Telegram Email
Editor

    Related Posts

    مصدق ملک نے نئی دہلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرکے حقائق دنیا کے سامنے پیش کیے۔شہبازشریف

    نومبر 25, 2026

    پنجاب:سکولوں کے باہر غیرمعیاری فوڈ سٹالز کیخلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ

    نومبر 25, 2026

    مائیکروسافٹ نے سروسز تعطل کی روک تھام کے لیے اصلاحات شروع کردیں

    نومبر 25, 2026

    Comments are closed.

    Latest Posts

    کور کمانڈر کی دعا

    نومبر 25, 2026

    مینارِ پاکستان سے اٹھنے والی صدا

    نومبر 24, 2026

    دیارِ حرم کی داستان کا روحانی منظرنامہ

    نومبر 23, 2026

    زرداری صاحب کس بیٹے کے ساتھ ہیں؟

    نومبر 23, 2026

    اصلی نیوٹن اور جعلی آئن اسٹائن

    نومبر 23, 2026

    ‘فتنة الخوارج’و’فتنة الہندوستان’ اورقومی سلامتی کے ادارے

    نومبر 22, 2026
    Facebook X (Twitter) Pinterest Vimeo WhatsApp TikTok Instagram
    All Right Reserved © Vision Point PK 2026 . Managed by Vision Point

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.