اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں، ضلعی انتظامیہ لاہور کے سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیائے خورونوش کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دینے لگی۔ دکانداروں کی جانب سے متعدد پھل سرکاری قیمتوں سے زائد نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
مارکیٹ میں پپیتا سرکاری قیمت 270 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو، کھجور 435 کے بجائے 600 روپے فی کلو اور ناشپاتی 445 کے بجائے 550 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح مسمی کی سرکاری قیمت 160 روپے درجن مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 200 روپے درجن فروخت کی جا رہی ہے۔ امرود 180 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو، قندھاری انار 720 کے بجائے ایک ہزار روپے فی کلو جبکہ انگور 715 روپے کے بجائے 900 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں بھی شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا۔مارکیٹ میں میتھی 80 روپے، ٹماٹر 90 روپے اور شملہ مرچ 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ مٹر 150 روپے اور گھیا کدو 120 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔
سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں واضح فرق کے باعث شہری مہنگے داموں پھل اور سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

