راولپنڈی: تحریک انصاف کے سربراہ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد میں آج احتجاج کی کال ’فائنل‘ ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا اس احتجاج کو منسوخ کیا جا رہا ہے تو انھوں نے سر ہلا کر نفی میں جواب دیا اور کہا کہ ’کال آف والی بات ہی نہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت سے مذاکرات میں کوئی پیشرفت ہوئی ہے تو انھوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا تاہم انھوں نے تصدیق کی مذاکرات چل رہے ہیں اور جو بھی ہو گا ہم بتائیں گے۔
خیال رہے کہ بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں اپنی جماعت کے بانی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
گذشتہ ہفتے پاکستان کے نجی چینلز کے پولیٹکل ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پر پاکستان تحریکِ انصاف اور حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کی بازگشت سنی جاتی رہی ہے۔