ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جن تین افراد کو اسرائیلی-مالدوون ربی زوی کوگان کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے، ان کا تعلق ازبکستان سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے تین افراد کو گرفتار کیا: 28 سالہ اولمبوائے توہیرووچ؛ 28 سالہ مخمودجون عبدالراخیم اور 33 سالہ عزیز بیک کاملووچ۔
انہیں تحقیقات مکمل کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے اتوار کو کوگان کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اپنے اتوار کے بیان میں وزارتِ داخلہ نے کوگان کو "متحدہ عرب امارات میں داخلے کے وقت اس کی شناختی دستاویزات کے مطابق ایک مالدوون شہری قرار دیا جہاں وہ بطور رہائشی رہتے تھے۔”
بیان میں کہا گیا کہ اس شخص کے اہلِ خانہ نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ اس بنا پر "ایک خصوصی تلاشی اور تفتیشی ٹیم” تشکیل دی گئی تھی جس کی بدولت لاش کی تلاش اور مشتبہ افراد کی شناخت ہوئی۔
اسرائیل نے اتوار کے روز اسے”یہود مخالف دہشت گردی کا دہشت ناک واقعہ” قرار دیا اور وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل "ان کی موت کے ذمہ دار مجرموں سے انصاف کے لیے ہر طرح سے کارروائی کرے گا۔”
ایکس پر ایک سابقہ پیغام میں شباد لوباویچ تحریک جس سے کوگن کا تعلق تھا، نے ربی کی تصویر کے ساتھ اپنے "گہرے رنج و غم” کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ انہیں "دہشت گردوں نے جمعرات کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔”