کراچی : افراط زر میں کمی اور مثبت معاشی اشاریوں کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو کاروبار کےآغاز کے بعد سے مسلسل تیزی دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 ہزار 900 پوائنٹس سے زائد کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 8 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کی سہ پہر 3 بج کر 17 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 900 پوائنٹس یا 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 8 ہزار پوائنٹس سے زائد کی سطح پر جا پہنچا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 5 ہزار 104 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس نے 3 نفسیاتی حدیں عبور کیں، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 469 کمپنیوں کےشیئرز کا لین دین ہوا، 321 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 133 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 15 کے شیئرز کی قیمتیں برقرار رہیں۔
نومبر میں پاکستان میں افراط زر کی سالانہ شرح کم ہو کر 4.9 فیصد رہ گئی تھی جو افراط زر کی 2017 کے بعد سے کم ترین سطح ہے، گزشتہ ہفتے ہی پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا تھا۔