بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوئی ہے، مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کچھ ہدایات ملی جو ان تک پہنچاؤں گا۔فیصل چودھری کو تمام پٹیشنز چودھری ظہیر عباس کے سپرد کرنے کی ہدایت ہے، جیل معاملات سے متعلّق بانی اور بشری بی بی نے انہیں اپنا وکیل مقرر کیا ہے جبکہ نیاز اللہ نیازی بانی پی ٹی آئی کے سپوکس پرسن ہوں گے ۔۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی کی صحت سے متعلق بہت سی افواہیں پھیلائی گئیں، ان کا معمول کا چیک اپ ہوا وہ بالکل ٹھیک ہیں،بانی کو سحری نہ دینے اور عبادت سے روکنے کی باتوں میں بھی صداقت نہیں ہے وہ قوم کی خاطر جیل میں ہیں، بانی نے وضاحت سے کہا جو لیڈر شپ پر حملہ آور ہوں ایسا بھگوڑے کرتے ہیں، وہ لوگ عوام میں اپنی جگہ بنانے کے لئے ایسا کرتے ہیں، انہیں پارٹی سے کوئی شکایت نہیں ہے، ان کی سیاسی رفقاء سے 5 ماہ سے ملاقات نہیں ہوئی اس حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں، بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے وکالت کے ذریعے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کی، جس کو خان صاحب ذمہ داریاں دیں انہی کو سیاست کرنی چاہیئے، بشری بی بی نے اپنے چار فوکل پرسن مقرر کئے ہیں، اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے بات ہوئی لیکن یہاں پوری بات نہیں کروں گا، مولانا کی عزت کرتے ہیں چاہتے ہیں وہ اس اتحاد میں شامل ہوں، بیرسٹر سیف نے جو غیر ذمہ دارانہ بیان دیا اس حوالے سے بھی بات ہوئی ہے، شیخ وقاص اکرم کو کہا ہے وہ پوچھیں انہیں یہ بیان دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
