پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات۔۔۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے "دو اجلاسوں” کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت اور قوم کو مبارکباد بھی دی۔۔۔وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا
وزیراعظم نے کہا صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ چین ان تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔۔ پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر اعظم نے چین کے قومی دلچسپی کے امور پر پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور کہا دونوں ممالک کی قیادت اور عوام پاک چین "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید مضبوط کرنے اور اسے نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں۔۔۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ اس سال صدر شی جن پنگ کے 2015 میں پاکستان کے تاریخی دورے کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔۔وزیر اعظم نے اس یادگار موقع کو شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیر اعظم نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف اقدامات اور منصوبوں کے بروقت نفاذ اور تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
چینی سفیر نے چینی قیادت کے لیے نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔۔۔ وزیر اعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
چینی سفیر نے ملک میں میکرو اکنامک صورتحال کو بہتر بنانے میں حکومت کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا چین پاکستان کی قومی ترقی کوششوں میں اپنی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔۔۔
