برسلز : برسلز میں اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کی ترقی اور فوج کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔ یورپی دارالحکومت میں استحکامِ پاکستان اوورسیز فورم بیلجیئم چیپٹر نے یوم پاکستان کے حوالےسے سیمینار منعقد کیا۔
سیمینار کی قیادت کمیونٹی رہنما و صدر استحکامِ پاکستان اوورسیز فورم بیلجیئم راجہ محمد خالد اور فرید خان نے کی۔
سیمینار کے شرکا ءنے 23 مارچ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا23 مارچ 1940 کو مینارِ پاکستان کے سائے تلے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت بننے کی ابتدا ہوئی۔
شرکا کا کہنا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، قربانی اور عزم کے بغیر منزل حاصل نہیں ہوتی۔ پاکستان آج بھی داخلی و خارجی چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے، جن کا ہماری افواج بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں ۔
شرکا کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہو کر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے۔ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں کیے گئے اقدامات پاکستان کی خودمختاری اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔
شرکا کا کہنا تھا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں یکجہتی دکھا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد آرمی چیف جنرل عاصم منیر زندہ باد کے نعرے لگا کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔
