یمنی افواج کا بن گورین ایئرپورٹ اور امریکی ایئرکرافٹ کیریئر پر بیلسٹک میزائل حملہ
یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ رات اسرائیل کے بن گورین ایئرپورٹ اور بحیرہ احمر میں موجود امریکی ایئرکرافٹ کیریئر پر بیلسٹک میزائل داغے۔
یمنی افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع کے مطابق، حملے میں ذوالفقار اور ہائپرسونک نوعیت کے "فلسطین 2” میزائل استعمال کیے گئے، جو تل ابیب کے بن گورین بین الاقوامی ہوائی اڈے کو مکمل کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بحیرہ احمر میں موجود امریکی بحری بیڑے پر بھی متعدد میزائل حملے کیے گئے، جن کا مقصد یمن پر امریکی فضائی حملوں کو ناکام بنانا تھا۔
یحیی سریع نے اعلان کیا کہ جب تک غزہ پر جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہے گی، اس وقت تک اسرائیلی جہازوں پر پابندی، مقبوضہ علاقوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور یمنی افواج اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنے حملوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔