امریکا کی اپیل: "بھارت اور پاکستان کشیدگی نہ بڑھائیں، مسئلے کا حل نکالیں”
امریکا نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور فوری طور پر مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک پریس بریفنگ میں کہا”ہم پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشیدگی نہ بڑھائیں۔ مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر ہماری گہری نظر ہے، اور ہم دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔”
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا”ہم جلد پاکستان اور بھارت دونوں کے حکام سے بات کریں گے۔ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ دونوں ممالک مزید کسی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔”
انہوں نے کہا کہ امریکا دونوں فریقین سے توقع رکھتا ہے کہ وہ امن، استحکام اور سفارتی حل کو ترجیح دیں گے۔
یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات سخت کشیدگی کا شکار ہیں، خاص طور پر پہلگام واقعہ کے بعد، جسے بھارت دہشت گرد حملہ قرار دے رہا ہے۔
امریکا نے پہلے بھی اس واقعے کا "ذمہ دارانہ حل” تلاش کرنے کی اپیل کی تھی اور دونوں ممالک سے رابطے جاری رکھنے کی تصدیق کی تھی۔