پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی UNRWA پر پابندی اور مختلف ممالک سے آنے والے امدادی سامان کی ترسیل کو روک کر اسرائیل عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
ہیگ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ نے عالمی عدالت انصاف میں زبانی بیان دیا جس میں انہوں نے فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ میں اسرائیلی مظالم کو اجاگر کیا۔
پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ انروا کے آپریشنز روکنے کی کوشش عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی سفیر نے غزہ میں انسانی امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی اور اسرائیل کو جوابدہ بنانے پر زور دیا۔
پاکستان نے رواں سال کیس میں تحریری بیان بھی عالمی عدالت میں جمع کرایا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں کیس کی سماعت 2 مئی تک جاری رہےگی۔ 40 سے زائد ممالک اور تنظیمیں عالمی عدالت کے اجلاسوں میں شرکت کر رہی ہیں۔