پنجاب حکومت نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رکھ دیا گیا ہے جبکہ جمعرات 8 مئی کو صوبے بھر کے اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق، تمام تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محکمہ صحت پنجاب نے تمام میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ایمرجنسی وارڈز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اسپتالوں میں خون کے عطیات کی اپیل بھی کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، موجودہ اقدامات شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر مستعد ہیں۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر انحصار کریں۔