پشاور: معرکۂ بنیان مرصوص میں پاکستان کی تاریخی اور عظیم فتح پر ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس فتح کا اعتراف اب دنیا بھی کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پشاور کے ایک 120 سالہ بزرگ شہری، فیض محمد خان بابا نے اپنی گہری مسرت اور جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
فیض محمد خان بابا، جو تحریک آزادی کے ایک سپاہی بھی ہیں، نے بلند آواز میں "پاک فوج زندہ باد” کا نعرہ لگا کر بھارت کی شکست پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ پاک فوج کی بے مثال بہادری اور قربانیوں پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔
اپنی زندگی کے طویل تجربے کا ذکر کرتے ہوئے فیض محمد خان بابا نے کہا کہ انہوں نے پاکستان بننے سے لے کر ماضی کی تمام جنگیں دیکھی ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے ہر محاذ پر اپنی بہادری کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے حالیہ معرکۂ بنیان مرصوص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں بھی پاکستان نے دشمن پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔