سابق امریکی صدر جو بائیڈن جارحانہ پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا
سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو پروسٹیٹ کینسر کی ایک جارحانہ اور میٹاسٹاسائز شدہ شکل کی تشخیص ہوئی ہے، جس کی تصدیق ان کے دفتر کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کی گئی ہے۔
82 سالہ بائیڈن نے گزشتہ ہفتے پیشاب سے متعلق علامات کی شکایت کی تھی، جس کے بعد انہیں مکمل طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے ان کے پروسٹیٹ میں ایک نوڈول دریافت کیا، جس پر مزید ٹیسٹ کیے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ کینسر ہے کینسر اب ہڈیوں تک پھیل چکا ہے (Metastasized) لیکن یہ ہارمونز کے لیے حساس ہے، جو علاج کے لیے امید افزا پہلو ہے
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مرض سنگین ہے، لیکن یہ ہارمون تھراپی کے ذریعے مؤثر انداز میں قابو میں رکھا جا سکتا ہے۔
بائیڈن کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا "یہ پروسٹیٹ کینسر کی زیادہ جارحانہ قسم ہے؛ تاہم، چونکہ یہ ہارمونز کے لیے حساس ہے، اس لیے کئی قابل عمل علاج موجود ہیں۔”