حکومت نے ڈیجیٹل کرنسی کی ٹریڈنگ کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کیلئے ایک اہم اجلاس 2 جون کو طلب کر لیا ہے جس میں ڈیجیٹل کرنسی کیلئے ضروری قانون سازی پر غور کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں سیکریٹری قانون و انصاف، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب اور سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شریک ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے اعلامئے کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لیے ایک مضبوط قانونی فریم ورک کی تیاری شامل ہے جو عالمی معیارات اور تکنیکی ترقی کے مطابق ہوگی،۔۔اس ضمن میں ایک اہم موضوع ’پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی‘ کے قیام کی ابتدائی تیاری ہے جو ایک مجوزہ خودمختار ادارہ ہوگا اور ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو نظام کی نگرانی کرے گا-
اعلامیے کے مطابق کونسل کا مقصد ایک محفوظ، شفاف اور ضابطہ جاتی ماحول کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کو ذمہ دارانہ طریقے سے اپنانے،سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مالی شمولیت کو فروغ دیاجا سکے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اجلاس حکومت کی اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ایک مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے تاکہ ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں استحکام اور ضابطہ کاری کو بھی یقینی بنایاجائے۔