انسانیت کے خلاف جرائم: سابق وزیراعظم شیخ حسینہ پر فردِ جرم عائد

0

انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں سماعت براہِ راست نشر، سابق وزیر داخلہ اور پولیس سربراہ بھی شریکِ جرم قرار

بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے سماعت کے دوران فردِ جرم پڑھ کر سنائی، اور مقدمے کی کارروائی کو قومی میڈیا پر براہِ راست نشر کیا گیا۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق، عدالت نے سابق وزیر داخلہ اور سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کو بھی شریکِ جرم قرار دیا ہے۔ یہ مقدمہ ایک عرصے سے زیر التوا تھا، جس میں مختلف ریاستی اقدامات کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے زمرے میں شمار کیا گیا ہے۔

شیخ حسینہ واجد بنگلا دیش کی سب سے طویل مدت تک حکومت کرنے والی وزیر اعظم رہی ہیں۔ وہ مجموعی طور پر 21 برس اور مسلسل 16 سال تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہیں۔گزشتہ برس ان کی حکومت شدید عوامی احتجاج کے بعد ختم کر دی گئی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوا۔

دوسری جانب، بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کی سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹریشن بحال کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے سنایا گیا، جس میں جماعت کی سابقہ رجسٹریشن کی منسوخی کو کالعدم قرار دیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق، عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جماعت اسلامی کی رجسٹریشن سے متعلق معاملات کو قانون کے مطابق نمٹائے۔جماعت اسلامی کے وکیل نے اس فیصلے کو ملک میں جمہوری اور کثیرالجماعتی نظام کی بحالی کی طرف اہم قدم قرار دیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.