شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، "فتنہ الہندوستان” کے 14 خوارج ہلاک
پاک فوج کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سپانسر شدہ دہشت گرد تنظیم "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 14 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے منسلک خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ علاقے میں موجود دیگر خوارجی عناصر کی تلاش اور خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا”انسانیت کے دشمن ان دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔ ہم دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔”
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن کو زبردست کامیابی قرار دیا اور کہا”قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے خوارجی دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچانا ہمارا عزم ہے۔”
یہ کامیاب کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ حکومت اور قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں، اور دشمن کو واضح پیغام دے چکی ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی خوارجی گروہ کو پناہ نہیں دی جائے گی۔