مکہ مکرمہ: لاکھوں لبیک کہنے والے خوش نصیب عازمینِ حج نے آج سے مناسکِ حج 2025 کا آغاز کر دیا۔ صبح کے وقت دنیا بھر سے آئے ہوئے حاجی احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نفل ادا کر کے منیٰ کی جانب روانہ ہو گئے۔
حجاج کرام آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے اور جمعرات کی صبح تک وہیں قیام کریں گے۔ 9 ذوالحجہ کو عازمین حج کا رکن اعظم "وقوف عرفہ” ادا کرنے کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کا خطبہ سنا جائے گا، اور ظہر و عصر کی نمازیں ادا کر کے غروب آفتاب تک وقوف عرفہ کیا جائے گا۔
مزدلفہ اور رمی جمرات کا شیڈول:
- اذانِ مغرب کے بعد حاجی بغیر نماز پڑھے میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔
- مزدلفہ میں مغرب و عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی۔
- حاجی وہاں کنکریاں جمع کریں گے اور کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے۔
10 ذوالحجہ (عید الاضحی) کے مناسک:
- حجاج بڑے شیطان (جمرہ عقبہ) کو 7 کنکریاں ماریں گے۔
- قربانی کی جائے گی اور حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیا جائے گا۔
- بعد ازاں طواف زیارت اور سعی صفا و مروہ ادا کی جائے گی۔
- 11 اور 12 ذوالحجہ کو حجاج تینوں جمرات (چھوٹا، درمیانہ، بڑا شیطان) کو 7-7 کنکریاں ماریں گے۔
- 13 ذوالحجہ کو رمی جمرات کے بعد حاجی منیٰ سے اپنے قیام گاہوں کی جانب روانہ ہوں گے۔
سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کی رہنمائی، سہولیات اور سیکورٹی کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ رواں سال حج میں عالم اسلام کے لاکھوں افراد شریک ہیں، جو اللہ کے حضور حاضری دے کر روحانی پاکیزگی کے عظیم سفر میں مصروف ہیں۔