نئی دہلی: بھارتی ویب سائٹ دی وائیر کے ایک تازہ تجزیے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کے حالیہ فوجی آپریشن "آپریشن سندور” کی ناکامی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سفارتی کمزوری نے بھارت کو عالمی سطح پر شدید تنہائی کا شکار کر دیا ہے۔
دی وائیر کے مطابق مودی کی جانب سے اپنائی گئی ‘ملٹی الائنس’ حکمت عملی مکمل طور پر ناکام رہی اور کسی بھی عالمی طاقت نے بھارت کی حمایت نہیں کی۔ چین نے واضح طور پر آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی کھل کے حمایت کی، چین نے پاکستان کے فضائی دفاع اور سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے میں بھرپور مدد فراہم کی۔
تجزیے میں مزید انکشاف کیا گیا کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی پر چین نے براہمپترا دریا کا پانی روکنے کا عندیہ دیا، جو خطے میں سنگین ماحولیاتی اور سفارتی بحران پیدا کر سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی بھارت کو منہ کی کھانی پڑی، جب وہاں کی پریس ریلیز میں نہ تو حملہ آور دہشت گرد گروپ کا ذکر کیا گیا اور نہ ہی پاکستان کا نام لیا گیا۔ بھارت کی سفارتی کوششیں بری طرح ناکام ہوئیں۔
دی وائیر کے مطابق بھارت کا یہ دعویٰ کہ وہ خطے کی سب سے بڑی عسکری طاقت ہے، عالمی برادری کو قائل نہ کر سکا۔ زمینی حقائق میں پاکستان نے نہ صرف دفاعی طور پر برتری حاصل کی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بازی لے گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت نے بھارتی میڈیا کے جنگی جنون پر مبنی بیانیے کو سخت دھچکا دیا۔ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا کر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی اور بھارت کی عالمی طاقت بننے کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔
تجزیے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کیوریلا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کی کھل کر تعریف کی ہے، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو واشنگٹن میں عسکری شراکت داری کے لیے مدعو کیا گیا ۔
دی وائیر لکھتا ہے کہ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اور پاکستان کو امریکہ، چین اور دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔