جنیوا : انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد تابکاری کی سطح میں اضافہ نہیں ہوا۔
آئی اے ای اے کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات بشمول فردو، نتنز اور اصفہان پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد آف سائٹ تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ ہدف بنائے گئے مقامات کے باہر تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں تین نیوکلیئر سائٹس پر حملوں کے بعد اس بات کی تصدیق کرسکتے ہے کہ اس وقت تک آف سائٹ تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ وہ صورتحال کی قریب سے نگرانی جاری رکھے گی اور مزید معلومات کے دستیاب ہونے پر مزید جائزے فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کیساتھ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کردیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کیے، امریکی بمبار طیاروں نے حملوں میں 6 بنکر بسٹر بم پھینکے۔ فردو جوہری تنصیبات پر تقریباً 30 ٹن دھماکا خیزمواد گرایا گیا۔ ایرانی جوہری مقامات پر30 ٹاما ہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پرحملے کیے گئے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی۔