تہران : ایران نے امریکی حملوں کے بعد اسرائیل پر میزائلوں سے نیا حملہ کیا ہے جس سے اسرائیل بھر میں تباہی ہوئی ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پہلی بار خیبر میزائل استعمال کیے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے، تل ابیب میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،سائرن بج اٹھے۔ اسرائیلی شہر حیفہ میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب سمیت اسرائیل بھر میں جنگی سائرن بجنا شروع ہوگئے ہیں اور فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی شہر حیفا پر متعدد ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، تل ابیب میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کے تازہ میزائل حملوں سے اسرائیل کےمختلف حصوں میں نقصانات ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے اتوار کی صبح اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان کے مطابق حیفا اور تل ابیب میں اسرائیل کے 14 اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حملوں میں تل ابیب اور حیفا سمیت متعدد اسرائیلی علاقوں میں عمارتوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے اسرائیل پر تازہ میزائل حملے میں 20 سے 40 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔
واضح رہے کہ امریکا نے 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کیے، امریکی بمبار طیاروں نے حملوں میں 6 بنکر بسٹر بم پھینکے۔ فردو جوہری تنصیبات پر تقریباً 30 ٹن دھماکا خیزمواد گرایا گیا۔ ایرانی جوہری مقامات پر30 ٹاما ہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پرحملے کیے گئے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی۔