اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے دس جولائی 2025 تک ملک کے مختلف حصوں میں درمیانے سے شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ اس موسمی نظام کی وجہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے نمی کے زیادہ بہاؤ اور مغربی لہر کی موجودگی بتائی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ تر بارشیں دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں متوقع ہیں، جن میں شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، زیریں سندھ، جنوبی اور شمال مشرقی بلوچستان، وسطی خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے شامل ہیں۔
اس بارش سے دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر دریائے کابل، سندھ اور چناب میں پانی کی روانی بڑھنے کی توقع ہے۔ تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر دریاؤں میں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے، جو مزید بڑھ سکتا ہے۔ دریائے چناب پر مرالہ اور قادرآباد کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح دریائے سوات اور پنجکوڑہ سمیت ان کے معاون ندی نالے بھرنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے سے نکلنے والے برساتی نالے مقامی سیلاب کا سبب بن سکتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون دریاؤں میں اچانک طغیانی، جبکہ دریائے چترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی مقامی سیلابی ریلے آنے کا خطرہ ہے۔ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور ندی نالوں کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔ جنوبی بلوچستان میں کیرتھر رینج سے بہنے والے نالوں خصوصاً آواران، خضدار، جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بھی طغیانی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ بارش اور سیلاب کے دوران کاز ویز، کم پل اور پانی میں ڈوبی سڑکوں پر سفر نہ کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ قیمتی سامان اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، 3 سے 5 دن کا خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں اور محفوظ انخلا کے راستے پہلے سے معلوم کریں۔
شہری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہری علاقوں میں ممکنہ پانی جمع ہونے کی صورت میں نکاسی آب کے آلات اور مشینری تیار رکھی جائیں۔ این ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سرکاری الرٹس پر عمل کریں اور این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے بروقت معلومات اور رہنمائی حاصل کریں-
Trending
- جرمن اولمپک چیمپئن ” لورا ڈہلمیئر ” پاکستان میں کوہ پیمائی حادثے میں جاں بحق
- بھارت نے سمندری خطرات سے نمٹنے کیلئے AI سے لیس گشتی جہاز کی تعمیر کا آغاز کر دیا
- پولیس نے زیورات سے بھرا بیگ اصل مالک کو واپس کردیا
- چینی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم ،کسی کو عوام کا معاشی استحصال نہیں کرنے دیں گے: وزیر اعظم
- ایران نے 90 دن میں 18 لاکھ سے زائد مہاجرین کو بے دخل کیا: افغان حکومت
- نئی حج پالیسی منظور، ممکنہ کوٹہ 2 لاکھ 35 ہزار ، نجی آپریٹرز 60 ہزار حاجی لے جا سکیں گے، سرکاری حج کا خرچ ساڑھے 12 لاکھ تک ہوگا
- سعودی عرب میں شادی کے پہلے ہی سال علیحدگی کے واقعات بڑھ گئے، ہر 9 منٹ میں ایک طلاق رپورٹ
- امریکا کا جمعہ سے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس اور اضافی جرمانہ لگانے کا اعلان