دبئی،:مستقبل کے کھانے کا تجربہ اب حقیقت بننے جا رہا ہے کیونکہ برج الخلیفہ میں ستمبر کے مہینے میں ایک نیا اور منفرد ریسٹورنٹ "WOOHOO” کھولنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے جہاں کھانوں کا مینو، ماحول اور سروسز سب کچھ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی تخلیق ہوں گی۔
ریسٹورنٹ کا خاص پہلو اس کا اے آئی شیف "ایمن” ہے، جس کا نام "AI” اور "MAN” کا امتزاج ہے۔ شیف ایمن کو فوڈ سائنس کی دہائیوں پر محیط تحقیق، مالیکیولر ڈیٹا اور دنیا بھر کی ہزار سے زائد روایتی تراکیب پر تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ نئے اور منفرد ذائقوں کے امتزاج تخلیق کر سکے۔
ریسٹورنٹ کے بانی کے مطابق اگرچہ شیف ایمن کھانے کا ذائقہ چکھنے، سونگھنے یا براہِ راست بات چیت کرنےکی صلاحیت نہیں رکھتا مگر اس کی ڈیٹا پر مبنی سمجھ اسے ایسے ذائقے تخلیق کرنے کے قابل بناتی ہے جو انسانوں کے لیے دلچسپ اور نیا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
فی الحال، کھانے انسانی شیف تیار کریں گے، لیکن ہر ڈش کا تصور، ترکیب اور پریزنٹیشن شیف ایمن کی تخلیق ہوگی۔ ریسٹورنٹ کا مقصد خوراک، ٹیکنالوجی اور تخلیقی تجربے کو یکجا کر کے ایک انوکھا اور جدید کھانے کا ماحول پیش کرنا ہے۔
یہ منصوبہ اے آئی ٹیکنالوجی کے عملی استعمال اور مستقبل کی فوڈ انڈسٹری کی ایک جھلک فراہم کرتا ہے، جہاں مشین اور انسان کا اشتراک نئی راہیں ہموار کر رہا ہے۔