سابق بھارتی فضائیہ آفیسر نے بھارتی ایئر ڈیفنس کی کمزوریوں کا بھانڈا پھوڑ دیا

نئی دہلی : بھارتی فضائیہ کے سابق آفیسر ہرجیت سنگھ نے بھارتی فوج کے ایئر ڈیفنس نظام کی سنگین خامیوں اور اندرونی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے اس شعبے کی مکمل ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دی وائر کو دیے گئے انٹرویو میں ہرجیت سنگھ نے انکشاف کیا کہ بھارتی ایئر ڈیفنس کا نظام نہ صرف فرسودہ ہے بلکہ نفسیاتی دباؤ، ذہنی عدم توازن اور فیصلہ سازی کی ناکامیوں سے دوچار ہے۔

ان کے مطابق بھارتی ایئر ڈیفنس میں کئی ایسے افسران موجود ہیں جو شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں ہر افسر جنرل بننے کے خواب میں مبتلا ہے، جس کی وجہ سے ایک غیر فطری مقابلے کی فضا پیدا ہوتی ہے، جو دماغی دباؤ کو بڑھاتی ہے۔

انہوں نے بھارتی ایئر ڈیفنس کے ہتھیاروں کو بھی غیر مؤثر قرار دیا اور بتایا کہ آج بھی اس نظام میں 80 فیصد تک توپیں موجود ہیں جو جدید جنگی حالات میں مکمل طور پر بے کار ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں جب دنیا ڈرونز، کروز میزائلز اور ہائپرسانک ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکی ہے، وہاں یہ پرانی توپیں کسی کام کی نہیں رہیں۔

ہرجیت سنگھ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایئر ڈیفنس افسران ریڈار آن کرنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ ان کا پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ریڈار ہی بند رکھا جائے گا تو دشمن کے طیاروں، میزائلوں یا ڈرونز کا پتہ کیسے چلے گا؟

سابق افسر کے ان بیانات نے بھارتی ایئر ڈیفنس کی نااہلی اور اندرونی خرابیوں کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ یہ بھی واضح کر دیا کہ بھارت کا دفاعی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں بُری طرح ناکام رہا ہے-

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے