اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرعی نظام کو ٹیکس نظام کا حصہ بنا دیا گیا ہے، انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) سے معاہدوں کی از سر نو ترتیب کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، آنے والے دنوں میں توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے مزید ریلیف کی توقع ہے، توانائی کے شعبے میں بھی نقصانات کم ہوئے ہیں۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کی جانب سے معرکہ حق، یوم آزادی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد شرح سود میں مزید کمی کی توقع ہے، ہمیں ٹیکس بیس کو بڑھانا ہوگا، تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا سے تجارتی معاہدے کے بعد ہمارے پاس بہت اچھا موقع ہے، ہم نے اس بجٹ میں دستیاب گنجائش کے مطابق کم سے کم ٹیکس لگائے، ٹیکس نظام میں جہاں جہاں خامیاں ہیں، انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔