واشنگٹن — ایک امریکی اخبار نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں امریکی حکومت نے پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں زیادہ پسندیدہ شراکت دار کے طور پر دیکھنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے جانب سے پاک بھارت جنگ بندی پر دیے گئے ردعمل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خاصا مشتعل کیا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد نے واشنگٹن کی پالیسی میں نئی اہمیت حاصل کر لی۔
اخبار نے لکھا کہ امریکہ کے اسٹریٹیجک آؤٹ لک میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مستقل مزاجی اور پالیسی پر قائم رہنے کی صلاحیت نے ٹرمپ کو خاص طور پر متاثر کیا ہے۔
مزید یہ کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا براہِ راست نئی دہلی کے لیے ایک وارننگ ہے کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت نے جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن پر سوال اٹھا دیے ہیں اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا نریندر مودی دنیا کی سب سے بڑی طاقت کے صدر کے ساتھ ٹکر لینے کا فیصلہ کرتے ہیں یا نہیں۔
