تیانجن— وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے اور عقیدے کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سیاسی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس دورے کو بے حد خوشی اور قدردانی کے ساتھ دیکھا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد قابلِ عمل راستہ سمجھتا ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
