نیویارک شہر کے میئر کےلیے ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے تہلکہ خیز اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ انتخاب جیت گئے تو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو نیویارک آنے پر گرفتار کرنے کا حکم دیں گے۔
ظہران کے مطابق یہ اقدام دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ نیویارک بین الاقوامی قوانین کے احترام میں سنجیدہ ہے اور جنگی جرائم پر کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے۔
ظہران ممدانی کے اس بیان نے امریکی سیاست میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ممدانی کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔ ان کے بقول، اگر وہ کامیاب ہوئے تو یہ عوامی بغاوت اور موجودہ نظام سے عوامی بیزاری کا نتیجہ ہوگا۔
واضح رہے کہ نیویارک کے میئر کا انتخاب 4 نومبر کو ہوگا۔ اس مقابلے میں ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی کا سامنا ریپبلکن امیدوار کرٹیس سیلوا، سابق گورنر اینڈریو کومو اور موجودہ میئر ایرک ایڈمز سے ہوگا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ ایرک ایڈمز انتخابی دوڑ سے الگ ہو جائیں گے، جس کے بعد یہ مقابلہ مزید سخت اور دلچسپ شکل اختیار کر سکتا ہے۔