ممبئی: بالی وڈ کی مقبول جوڑی ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن نے گوگل اور یوٹیوب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو ڈیپ فیک اور اے آئی مواد میں غلط استعمال کی اجازت دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دونوں اداکاروں نے گوگل اور یوٹیوب کے خلاف 4 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یوٹیوب کی پالیسیز اور تھرڈ پارٹی مواد کو اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ کے لیے استعمال کرنا تشویشناک عمل ہے، جو خلاف ورزی کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
قانونی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ خاص طور پر اے آئی کے ذریعے تیار کردہ قابلِ اعتراض مواد کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق "AI Bollywood Ishq” نامی یوٹیوب چینل پر 259 سے زائد ویڈیوز اپ لوڈ ہیں، جنہیں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ ان ویڈیوز میں مبینہ طور پر ایشوریا رائے کو سلمان خان کے ساتھ پول میں دکھایا گیا جبکہ ایک اور ویڈیو میں ابھیشیک بچن کو غیر اخلاقی انداز میں پیش کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس کیس کی سماعت 15 جنوری کو مقرر کی گئی ہے۔