کراچی: پاکستانی اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران مغربی لباس اور نیل پالش کے ساتھ نماز پڑھنے پر ساتھی اداکارہ نے ان سے نماز کی قبولیت پر سوال اٹھایا۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں یشما گل نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران وقفہ لے کر نماز پڑھنے گئی تو جونیئر کاسٹ میں شامل ایک اداکارہ نے کہا کہ "بیٹا، آپ نے مغربی لباس پہن رکھا ہے اور نیل پالش بھی لگی ہوئی ہے، آپ کی نماز کیسے قبول ہوگی؟”
یشما گل کے مطابق، انہوں نے اس موقع پر کوئی جواب نہیں دیا لیکن ان کا ماننا ہے کہ عبادت قبول کرنا صرف اللہ کا کام ہے، انسانوں کا نہیں۔ اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "اگر کوئی طالب علم امتحان میں بیٹھتا ہی نہیں تو وہ یقینی طور پر فیل ہوجاتا ہے، لیکن اگر کوئی امتحان میں شامل ہو جائے تو ممکن ہے کہ اسے کچھ نمبر مل جائیں۔ بالکل ایسے ہی، اللہ ہمارے معاملات کو ہم سے بہتر جانتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ نماز کے لیے مکمل پروٹوکول فالو کرنا چاہیے، تاہم اگر کسی صورتحال میں یہ ممکن نہ ہو تو کم از کم فرض ادا کرنا ضروری ہے۔