کیلیفورنیا — امریکہ میں خوبصورتی کے نام پر ہونے والی ایک خطرناک کارروائی نے ہالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دیا۔ ٹی وی اداکارہ سِنڈیانا سینٹانجلو کی موت کے مقدمے میں ایک بغیر لائسنس بیوٹیشن کو قتل کی مجرم قرار دے دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 55 سالہ لیبی ایڈمے، جو کیلیفورنیا میں ’’بٹ لیڈی‘‘ کے نام سے مشہور تھیں، کو جمعرات کے روز عدالت نے اداکارہ سِنڈیانا سینٹانجلو کے قتل کا مجرم قرار دیا۔
استغاثہ کے مطابق 58 سالہ اداکارہ کو 24 مارچ کو غیر قانونی سلیکون انجیکشن لگایا گیا جس کے نتیجے میں ان کی رگوں میں ایمبولزم (خون کے لوتھڑے یا دیگر مواد کا جمع ہونا) پیدا ہوا۔
انجیکشن کے فوراً بعد اداکارہ کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق لیبی ایڈمے اس سے قبل بھی 2019 میں اسی نوعیت کے کیس میں سزا کا سامنا کر چکی ہیں۔
اس مقدمے میں حتمی سزا کا اعلان 5 نومبر کو متوقع ہے۔
سِنڈیانا سینٹانجلو نے 1989 میں مشہور میوزک ویڈیو "Bust A Move” سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔
انہوں نے معروف ٹی وی سیریز "Married with Children” میں کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی۔
اداکارہ دو بچوں کی ماں تھیں اور اپنے مداحوں میں اپنی دلکشی اور اداکاری کے باعث مقبول تھیں۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب امریکہ میں کاسمیٹک انجیکشنز اور غیر منظور شدہ بیوٹی ٹریٹمنٹس کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ صرف لائسنس یافتہ ماہرین سے ہی میڈیکل یا کاسمیٹک سروسز حاصل کی جائیں تاکہ جان لیوا نتائج سے بچا جا سکے۔