چین کا آسٹریلیا کو سخت انتباہ — “فضائی حدود کی خلاف ورزی، اشتعال انگیزی اور پراپیگنڈا فوراً بند کرے”

0

بیجنگ — چین نے آسٹریلیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ چینی فضائی حدود کی خلاف ورزی، اشتعال انگیز اقدامات اور جھوٹے پراپیگنڈے کو فوراً بند کرے، بصورتِ دیگر دونوں ملکوں کے تعلقات مزید کشیدگی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

چینی سرکاری میڈیا سی جی ٹی این کے مطابق آسٹریلیا کی وزارتِ دفاع نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ 19 اکتوبر کو آسٹریلوی فضائیہ کے جہاز P-8A کی جنوبی بحیرہ چین میں پرواز کے دوران چینی فوجی طیارے نے غیر محفوظ انداز میں انٹرسیپٹ کیا، جس سے پائلٹ اور طیارہ خطرے میں آ گیا۔

تاہم چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان جیانگ بین نے اس بیان کو ’’حقائق کے منافی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا دراصل چینی فضائی حدود میں اپنی غیر قانونی پرواز کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے سدرن تھیٹر کمانڈ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے آسٹریلوی جہاز کو قانونی اور پیشہ ورانہ انداز میں روک کر حدود سے باہر نکالا۔ ان کے مطابق یہ اقدامات مکمل طور پر جائز، قانونی اور پرامن تھے۔

چینی ترجمان نے آسٹریلوی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر خلاف ورزیوں، اشتعال انگیزیوں اور جھوٹے بیانات کا سلسلہ بند کرے، اور اپنی فضائی و بحری فورسز کے طرزِ عمل پر سخت کنٹرول رکھے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین اپنی ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھاتا رہے گا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.