متنازعہ برطانوی نژاد امریکی مصنف سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ کرنے والے ہادی ماتر کو امریکی عدالت نے 25 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
یہ فیصلہ نیویارک کی چوٹاکوہ کاؤنٹی عدالت نے سنایا، جہاں 27 سالہ امریکی شہری ہادی ماتر کو رواں برس کے آغاز میں قتل کی کوشش کا مجرم قرار دیا گیا تھا
فیئر ویو، نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے ہادی ماتر نے 2022 میں چوٹاکوہ انسٹیٹیوشن میں ایک عوامی تقریب کے دوران اسٹیج پر آ کر سلمان رشدی پر حملہ کیا تھا۔حملے کے نتیجے میں رشدی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہو گئے، جب کہ ایک اور فرد بھی شدید زخمی ہوا۔عدالت نے مقدمے کے دوران ویڈیو شواہد اور سات روزہ گواہی کی روشنی میں ماتر کو قصوروار ٹھہرایا۔
ڈسٹرکٹ اٹارنی جیسن شمٹ کے مطابق”رشدی آج بھی اس حملے کے جسمانی اور ذہنی صدمے سے نبرد آزما ہیں۔”رشدی نے خود عدالت میں پیش ہو کر بیان نہیں دیا، تاہم ان کے وکلاء نے فیصلہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پس منظر: متنازع ناول اور فتوی
سلمان رشدی کو 1988 میں شائع ہونے والے اپنے ناول The Satanic Verses کے بعد سے عالمی سطح پر شدید تنقید اور جان کے خطرات کا سامنا رہا ہے۔
کتاب کی اشاعت پر ایران کے اس وقت کے سپریم لیڈر آیت اللہ روح اللہ خمینی نے رشدی کے خلاف فتویٰ جاری کیا تھا