اسلام آباد — ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب کے اوپن ٹرائلز 2 نومبر 2025ء کو ملک کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور پشاور میں بیک وقت منعقد ہوں گے۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ یہ ٹرائلز آئندہ سال فروری 2026 میں سعودی عرب میں ہونے والی ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں مرد و خواتین ایلیٹ کیٹیگری کے لیے 50 کلومیٹر انفرادی ٹائم ٹرائل منعقد کیا جائے گا۔
-
کراچی میں ٹرائلز سکیم 42، ہاکس بے ٹاؤن میں صبح 7:30 بجے شروع ہوں گے، جو سردار سجاد، اشتیاق مبین اور جاوید خان کی نگرانی میں ہوں گے۔
-
لاہور میں ٹرائلز ڈی ایچ اے فیز 9 میں صبح 7 بجے شروع ہوں گے، جن کی نگرانی عدنان حسن خان، محمد عثمان خان اور ماہم طارق کریں گے۔
-
پشاور میں ٹرائلز ناردرن بائی پاس پر صبح 7 بجے ہوں گے، جن کی نگرانی سید شایان علی شاہ، نثار احمد اور سرمد شہاب کریں گے۔
فیڈریشن نے تمام دلچسپی رکھنے والے سائیکلسٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی شرکت کے لیے ٹرائلز سے ایک دن قبل یا ٹرائل کے دن آغاز سے پہلے اپنے متعلقہ شہر کے کوآرڈینیٹر کے پاس رجسٹریشن کرائیں۔
صدر فیڈریشن کے مطابق تین شہروں کے ٹرائلز کے بعد اہل اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جن میں سے حتمی ٹیم کا انتخاب کر کے انہیں سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔

