لاہور — اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر پابندی کے متنازع فیصلے کی تحقیقات کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ایجوڈی کیٹرز نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو طلب کر لیا ہے، جب کہ ارشد ندیم اور ان کے کوچ سلمان بٹ کو بھی 3 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر پرویز رشید کی سربراہی میں ایجوڈی کیٹرز کا پینل اس معاملے کی سماعت کرے گا۔ وفاقی حکومت نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کے اس متنازع فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایس بی کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے چند روز قبل کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی، جس کے بعد ملک بھر کے کھیلوں کے حلقوں میں شدید ردِعمل سامنے آیا تھا۔
سلمان بٹ نے اس پابندی کو "ذاتی عناد اور تعصب پر مبنی” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔
پاکستانی کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تنازع کے حل سے قبل ارشد ندیم کی تربیت اور آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
