نیویارک — دنیا کی سب سے بڑی اور مقبول ترین دوڑوں میں سے ایک نیویارک میراتھون 2025 اس سال بھی زبردست جوش و خروش اور سنسنی خیزی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں کینیا کے بینسن کپروٹو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 گھنٹے 8 منٹ 9 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کر کے فتح حاصل کی۔
مردوں کی دوڑ میں کینیا کے ہی الیگزینڈر موٹیسو محض ایک سیکنڈ کے معمولی فرق سے رنر اپ رہے۔ اختتامی لمحوں میں دونوں ایتھلیٹس کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس نے ناظرین کو اپنی نشستوں پر جمائے رکھا۔
خواتین کی کیٹیگری میں بھی کینیا نے سبقت حاصل کی۔ ہیلن اوبیری نے 2 گھنٹے 19 منٹ 51 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کر کے نہ صرف میراتھون جیتی بلکہ ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ان کے بعد شیرون لوکیڈی صرف 16 سیکنڈ کے فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کر سکیں۔
-
مردوں کی وہیل چیئر ریس میں سوئٹزرلینڈ کے مارسل ہوگ نے شاندار انداز میں کامیابی حاصل کی۔
-
خواتین کی وہیل چیئر ریس امریکی اسٹار سوسانہ سکارونی کے نام رہی، جنہوں نے ناقابلِ شکست رفتار دکھائی۔
نیویارک کی گلیوں سے گزرتی یہ 42 کلومیٹر طویل دوڑ اس سال بھی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز رہی۔ مختلف ممالک سے 50 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی، جن میں 20 سے زائد پاکستانی بھی شامل تھے۔
-
سارہ طہور نے 3 گھنٹے 34 منٹ میں دوڑ مکمل کرتے ہوئے “سکس اسٹار فنشر” کا اعزاز حاصل کیا — جو عالمی میراتھونز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے۔
-
عائشہ قمر، جو اوورسیز پاکستانی ایتھلیٹ ہیں، نے 3 گھنٹے 16 منٹ میں میراتھون مکمل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

