کابل – افغانستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے نام سے نئی فرنچائز بنیادوں پر ٹی 20 لیگ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق لیگ کا پہلا سیزن 2026 کی آخری سہ ماہی، اکتوبر کے قریب منعقد کیا جائے گا، جبکہ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں لیگ میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ اے پی ایل میں افغانستان کے نمایاں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی اسٹار کرکٹرز اور ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا جائے گا، جس کا مقصد افغان کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینا ہے۔
کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ یا نیلامی آئندہ برس جون یا جولائی میں متوقع ہے، جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ افغانستان پریمیئر لیگ کا ایک ایڈیشن 2018 میں بھی منعقد کیا گیا تھا، جس میں کرس گیل، برینڈن میک کولم اور شاہد آفریدی جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔ تاہم ادائیگیوں اور شفافیت سے متعلق مسائل کے باعث لیگ کو روک دیا گیا تھا، جس کے بعد اب اسے نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بار لیگ کو مالی شفافیت اور بہتر انتظامات کے ساتھ منعقد کیا جائے گا تاکہ اے پی ایل کو ایک مستقل اور کامیاب ایونٹ بنایا جا سکے۔
