سنگاپور – پاکستان کے ٹاپ پروفیشنل گالفر احمد علی بیگ نے ایشین ٹور سنگاپور اوپن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ابتدائی دو راونڈز کے بعد کٹ حاصل کر لیا اور حتمی مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
دو ملین امریکی ڈالر انعامی رقم کے حامل اس ایونٹ میں احمد علی بیگ نے پہلے روز 4 انڈر پار 68 جبکہ دوسرے روز 1 انڈر پار 71 کا شاندار اسکور بنایا۔
اس طرح ان کا مجموعی اسکور 5 انڈر پار رہا جس کی بدولت انہوں نے کٹ لائن میں رہتے ہوئے ویک اینڈ کے فائنل دو راونڈز میں جگہ بنالی۔
ابتدائی دو راونڈز کے اختتام پر احمد علی بیگ 144 گالفرز میں سے 50ویں پوزیشن پر رہے۔
ایونٹ میں کٹ آف اسکور 4 انڈر پار مقرر تھا۔
جمعے کو دوسرے راؤنڈ کے دوران احمد علی بیگ نے 4 برڈیز کھیلیں، تاہم ایک موقع پر ڈبل بوگی کے باعث معمولی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے باوجود انہوں نے اعلیٰ فوکس اور مستقل مزاجی کے ساتھ شاندار کم بیک کیا اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

