دبئی — پاکستان کے معروف الپائن اسکیئر محمد کریم نے دبئی میں ہونے والی ایف آئی ایس بین الاقوامی اِسکی ریسز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سرمائی اولمپکس 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقے نلتر سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ محمد کریم نے یہ کارنامہ انجام دے کر دنیا کے واحد اسکیئر ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جنہوں نے مسلسل چار اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا۔
وہ اس سے قبل سوچی (2014)، پیونگ چانگ (2018) اور بیجنگ (2022) اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اگرچہ محمد کریم ابھی تک کسی عالمی مقابلے میں تمغہ حاصل نہیں کر سکے، تاہم بین الاقوامی سطح پر ان کی مسلسل موجودگی کو پاکستان میں سرمائی کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک نمایاں پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ محمد کریم کی انفرادی کامیابی پاکستان اسکی فیڈریشن کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی ہے۔
سالانہ بھاری فنڈز کے باوجود ادارہ نئے اسکیئرز، خصوصاً خواتین کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں ناکام رہا ہے، جس سے کھیل کا مستقبل محدود نظر آتا ہے۔

