بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کاشیخ حسینہ واجد کوایک ماہ کے اندر وطن واپس لانے کامطالبہ

0

ڈھاکہ – بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی نے عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کو عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے آئندہ ایک ماہ کے اندر ملک واپس لایا جائے۔ یہ مطالبہ جماعت کے کنوینر ناہید اسلام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ناہید اسلام نے کہا کہ ان کی جماعت نے عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے سزاؤں کا خیرمقدم کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلے نے جولائی انقلاب کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد سے متعلق مقدمات میں قانونی عمل کو آگے بڑھایا ہے۔

ان کے مطابق عدالت کا فیصلہ ملکی عدالتی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم جماعت کا مؤقف ہے کہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہی متاثرہ خاندانوں کو اطمینان مہیا کر سکے گا۔

کنوینر نے مزید کہا کہ ان کی جماعت عبوری حکومت سے توقع رکھتی ہے کہ قانونی تقاضوں کے مطابق اگلے مہینے کے اندر سابق وزیرِاعظم کی واپسی کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ عدالتی کارروائی آگے بڑھ سکے۔

عبوری حکومت کی جانب سے اس مطالبے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.