مصر نے مغربی صحرا میں قدرتی گیس کے نئے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کردیا
قاہرہ – مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے مغربی صحرا میں قدرتی گیس کے ایک نئے ذخیرے کی دریافت کی تصدیق کر دی۔ عالمی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ نئی دریافت ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزارت کے مطابق ’جمانہ-1‘ نامی تحقیقی کنواں برقی لاگز میں گیس سے بھرپور زونز کی نشاندہی کے بعد کھودا گیا تھا۔ ابتدائی ٹیسٹوں کی بنیاد پر توقع ہے کہ اس کنویں سے یومیہ تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ معیاری مکعب فٹ گیس حاصل کی جا سکے گی۔
بیان میں بتایا گیا کہ کنویں کی صلاحیت کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ خلدہ پیٹرولیم آئندہ دو روز میں اسے پیداوار کے مرحلے میں داخل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق یہ نئی دریافت نہ صرف ملکی گیس پیداوار میں اضافہ کرے گی بلکہ مصر کو خطے میں توانائی کے مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی حکمتِ عملی کو بھی تقویت دے گی۔
حکام کے مطابق مصر نے حالیہ برسوں میں قدرتی گیس کی پیداوار میں سست روی کے باعث نئے ذخائر کی تلاش کے منصوبوں میں تیزی لائی ہے۔ وزیرِاعظم مصطفیٰ مدبولی نے اگست میں بتایا تھا کہ ملک کی موجودہ یومیہ گیس پیداوار 4.1 بلین مکعب فٹ ہے، جبکہ حکومت نے 2027 تک اس ہدف کو 6.6 بلین مکعب فٹ یومیہ تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔