بلائنڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیپال نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

0

کولمبو – پہلے بلائنڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیپال بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو دس وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ منگل کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان بلائنڈ ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے مہرین علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ مریم جہانگیر نے 17، رمشہ شبیر نے 12، بشریٰ اشرف نے 6 اور حوریہ ملک نے 4 رنز بنائے۔ ارمین طارق 2، نصرت بتول 4 اور عشاء فیصل صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ نیپال کی سوشما تمانگ نے ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ پاکستان کی 6 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

لیٹ اوور ریٹ کے باعث نیپال ٹیم پر 12 رنز کی پینلٹی عائد کی گئی، جس کے بعد پاکستان نے حریف ٹیم کو کامیابی کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال بلائنڈ ویمنز ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 13 اوورز میں میچ بغیر کسی نقصان کے اپنے نام کر لیا۔ بینیتا پون نے 107 رنز کی ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی جبکہ مناکشی چودھری نے 43 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

پاکستان بلائنڈ ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ کا اپنا اگلا (چوتھا) لیگ میچ آسٹریلیا کے خلاف 19 نومبر، بروز بدھ کو کھیلے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.