اسلامک سالیڈیریٹی گیمز: ارشد ندیم نےگولڈ میڈل جیت لیا، وزیر اعظم و زیراعلیٰ کی مبارکباد

0

ریاض میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ اسلامی یکجہتی گیمز میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ ان کی اس شاندار کامیابی نے ایک بار پھر پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کردیا۔

مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 75.44 میٹر کی تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی جبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان نے 70.32 میٹر کی تھرو کی۔ دوسرے راؤنڈ میں ارشد نے 83.05 میٹر کی بہترین تھرو کرتے ہوئے واضح سبقت قائم رکھی، یاسر سلطان نے اس راؤنڈ میں 74.43 میٹر کی تھرو کی۔ تیسرے راؤنڈ میں بھی ارشد ندیم نے 82.48 میٹر کی ایک اور مضبوط تھرو کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم رکھی جبکہ یاسر سلطان 72.82 میٹر تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

چوتھے راؤنڈ میں ارشد نے 77.06 میٹر کی تھرو کی اور اپنی برتری برقرار رکھی، یاسر سلطان نے 73.78 میٹر کی تھرو کے ساتھ مقابلہ مکمل کیا۔ ایونٹ کے اختتام پر ارشد ندیم نے گولڈ جبکہ یاسر سلطان نے سلور میڈل اپنے نام کیا، جو پاکستان کے لیے اس گیمز میں پہلا گولڈ اور سلور میڈل ہے۔

اس سے قبل پاکستان باکسنگ میں دو برانز میڈل جیت چکا تھا، جس کے بعد اسلامک سالیڈیریٹی گیمز 2025ء میں پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

دریں اثنا اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹس کی شان دار کارکردگی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ارشد ندیم نے طلائی اور محمد یاسر نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جس پر پوری قوم کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کوخراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.