اسلام آباد میں عالمی معیار کا نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ، منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا
اسلام آباد میں کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک جام کے مسائل کے حل کے لیے وزارتِ داخلہ نے نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکٹر ڈی-12 میں جدید اور عالمی معیار کے مطابق اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ وفاقی وزیرِ داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دبئی طرز کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنایا جائے گا جسے آبادی سے دور تعمیر کرنے سے ٹریفک کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ منصوبے میں جدید سہولیات، معیاری انفراسٹرکچر اور عالمی کھیلوں کے تقاضوں کے مطابق فیچرز شامل ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اسٹیڈیم کے ساتھ ہی سات ستارہ ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا، جہاں بین الاقوامی ٹیموں اور آفیشلز کے لیے اعلیٰ معیار کی رہائش کی سہولیات موجود ہوں گی۔ منصوبے میں جدید پارکنگ، سکیورٹی سسٹمز، ٹرانسپورٹ سہولیات اور دبئی سپورٹس کمپلیکس جیسے فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں اس بڑے اسپورٹس منصوبے کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور جدید اسٹیڈیمز کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔