وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت کی جانب سے متعلقہ آرڈر جاری کیا گیا، جس کے مطابق سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او بحال کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد سے متعلق فریم ورک برقرار رہے گا جبکہ اس میں شفافیت اور خودکار نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ترامیم شامل کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں سونے کی ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے تحت وزارتِ تجارت نے 6 مئی 2025ء کو سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لیے معطل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پابندی سونے کی اسمگلنگ سے متعلق شکایات کے باعث لگائی گئی تھی، تاہم حالیہ مہینوں میں کسی نئی شکایت کے سامنے نہ آنے کے بعد حکومت نے پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔