جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی، امریکا اور یوکرین کے وفود آج جنیوا میں امن منصوبے پر مذاکرات کریں گے

0

جنیوا – یوکرین جنگ میں جنگ بندی کی کوششوں میں اہم پیش رفت کے طور پر امریکا اور یوکرین کے اعلیٰ سطحی وفود آج جنیوا میں ملاقات کریں گے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے پر مفصل بات چیت کی جائے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور وزیرِ خارجہ روبیو جنیوا پہنچ رہے ہیں، جبکہ یوکرینی وفد میں عسکری قیادت اور خفیہ ایجنسی کے سینئر حکام شامل ہوں گے۔ مذاکرات کا بنیادی محور صدر ٹرمپ کا مجوزہ امن پلان ہوگا، جس پر واشنگٹن کیف سے حتمی مؤقف چاہتا ہے۔

اجلاس میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، تاہم امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ روس اس مرحلے کے مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا۔ البتہ امریکی وفد چند روز بعد روسی حکام سے علیحدہ ملاقات کرے گا تاکہ جنگ بندی کے سلسلے میں ممکنہ اتفاقِ رائے تلاش کیا جا سکے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرین امن پلان ابھی حتمی شکل میں نہیں اور اس میں تبدیلی کی گنجائش موجود ہے، لیکن جنگ کا رکنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یوکرین کو امن منصوبے پر حتمی جواب دینے کے لیے 27 نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

دوسری جانب یورپی اتحادی، جنہیں اس منصوبے کی تیاری میں شامل نہیں کیا گیا، اس پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مجوزہ امن فارمولے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے مزید کام اور شفاف مشاورت کی ضرورت ہے۔

جنیوا میں ہونے والی یہ ملاقات جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی سرگرمیوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.