تہران – ایران میں دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو شمالی صوبے سمنان میں سرعام پھانسی دے دی گئی۔ العربیہ میں شائع اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجرم کو سپریم کورٹ کی جانب سے سزا برقرار رکھنے کے بعد عدالت کے حکم کی روشنی میں سرعام پھانسی دی گئی۔
عدلیہ کے سرکاری آؤٹ لیٹ میزان آن لائن نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے تمام شواہد کا تفصیلی جائزہ لے کر فیصلے کی توثیق کی، جس کے بعد سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔ صوبائی عدلیہ کے سربراہ محمد اکبری کے مطابق مجرم نے دو خواتین کو دھوکے سے اپنے جال میں پھنسایا، زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں متاثرین کو ڈرا دھمکا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
تاحال مجرم کی شناخت اور تاریخِ سزا ظاہر نہیں کی گئی۔ ایران میں عام طور پر پھانسیاں جیلوں کے اندر دی جاتی ہیں، تاہم یہ اقدام ایک اور قتل کے مجرم کو سرعام پھانسی دیے جانے کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

