سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان کے تین کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد میں جاری سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں تین جگہیں حاصل کر لیں۔ کوارٹر فائنل راؤنڈ کے مقابلوں میں قومی کھلاڑیوں نے مصر کے مضبوط حریفوں کو شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی۔
حمزہ خان نے ٹاپ سیڈ مصری کھلاڑی کریم الحمامی کے خلاف 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔ 44 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں حمزہ کا اسکور 8-11، 5-11، 11-7، 10-12 رہا۔
ایک اور اہم مقابلے میں نور زمان نے مصر کے یاسر شوڈی کو اسٹریٹ گیمز میں 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ان کی جیت کا اسکور 8-11، 5-11، 11-7، 10-12 رہا۔
پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑی ناصر اقبال نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کے تھرڈ سیڈ مصطفیٰ السرطی کو 0-3 سے مات دی۔ ان کے کامیابی اسکورز 4-11، 9-11، 6-11 رہے۔
ایونٹ کے چار سیمی فائنلسٹس میں تین کا تعلق پاکستان سے ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ کے ڈیوڈ بارنیٹ بھی ٹاپ فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سی اے ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ پی ایس اے ورلڈ ٹور کا کوپر ایونٹ ہے، جس کی انعامی رقم 37 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔