دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: سکھ فار جسٹس

0

نیویارک: سکھ فار جسٹس نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کے خلاف ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی حکومت کی حمایت میں کسی قسم کا کردار ادا نہیں کریں گے۔ تنظیم کے مطابق بھارتی جبر و استبداد نے سکھ برادری کو شدید متاثر کیا ہے، اس لیے وہ پاکستان کے خلاف کسی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

سکھ فار جسٹس نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو درخواست دی ہے کہ بھارتی مقبوضہ پنجاب کے سکھ رضاکاروں کو پاک فوج میں شمولیت کی دعوت دی جائے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے سندھ پر حملے کے اشاروں نے سکھوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، اس لیے پاکستان کو سکھ نوجوانوں کے لیے خصوصی بھرتی کا راستہ فوری طور پر کھولنا چاہیے۔

سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے تجویز دی کہ سکھ رضاکاروں کی ایک علیحدہ فہرست مرتب کی جائے اور ایک خصوصی سکھ دفاعی یونٹ تشکیل دیا جائے جسے سندھ کے دفاع کے لیے تعینات کیا جائے۔ ان کے مطابق جیسے ہی پاکستان اندراج کا پروٹوکول جاری کرے گا، ہزاروں سکھ رضاکار پاک فوج میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

تنظیم نے اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی قانون کے تحت فوجیوں کو ضمیر یا اخلاقی بنیادوں پر کسی جنگ میں حصہ لینے سے انکار کا حق حاصل ہے، اور سکھ تنظیم اسی اصول کی بنیاد پر اپنے مؤقف کو مضبوط قرار دیتی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.