بلوچستان میں پہلی بار انڈر18 ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کا آغاز
کوئٹہ — پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کی انڈر18 ہاکی ٹیم کے لیے پہلی بار ٹرائلز کا آغاز ہو گیا ہے، جو صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق دو روزہ ٹرائلز کے لیے ایک بااختیار سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں قومی ہاکی کے نامور اولمپئین دانش کلیم اور کاشف جاوید شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ٹرائلز کے دوران بہترین 22 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔ ٹرائلز 27 اور 28 نومبر 2025 کو کوئٹہ میں منعقد ہیں۔
بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے اس تاریخی اقدام پر پی ایچ ایف کے صدر میر طارق بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار صوبے میں ٹرائلز کا انعقاد نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھولے گا اور ان کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
منتخب کھلاڑیوں کو بعد ازاں کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا، جہاں انہیں قومی معیار کے مطابق جدید اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔